پاک فضائیہ نے افغانستان میں گھس کر22 دہشت گرد پھڑکا دیئے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود تباہ

افغانستان میں 2مقامات پر کارروائی منصوبہ بندی اور محتاط  انداز میں کی گئی،مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر اہداف کو انتہائی درستی سے تباہ   کیاگیا
 افغانستان کا دہشت گردی کا مرکز بنے رہنا   باعث تشویش ہے ،  پاکستان کے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ اولین ترجیح ہے: وفاقی وزارت اطلاعات 
اسلام آباد،کابل(آئی این پی ) پاک فوج  کی جانب سے  افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کامیاب فضائی کارروائی میں 22 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات  سے جاری بیا ن کے مطابق  مطابق دو مقامات پر فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر موجود بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ ہو گیا۔بیان میں بتایا گیا کہ کارروائی مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر انتہائی درستی سے کی گئی، کارروائی کے دوران شہریوں کے تحفظ اور عدمِ جانی نقصان کو یقینی بنایا گیا۔وزارت اطلاعات کی جانب سے واضح کیا گیا کہ آپریشن غضب لِلحق کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، پاکستان کی جانب سے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔بیان میں  بتایا گیا ہے کہ کارروائی منصوبہ بند اور محتاط  انداز میں کی گئی اور   زیادہ سے زیادہ احتیاط برتی گئی، پاکستان کو دہشت گردی کا خطرہ افغانستان سے لاحق ہے، افغانستان کا دہشت گردی کا مرکز بنے رہنا پاکستان کیلئے باعث تشویش ہے۔وزارت اطلاعات نے کہا کہ پاکستان  کیلئے  شہریوں کی سلامتی اور تحفظ اولین ترجیح ہے، پاکستان خطے میں امن اور استحکام کیلئے  ہمیشہ کوشاں رہا ہے، عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔