دبئی: سعودی عرب کے جازان اور نجران میں موجود دو بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو پیر کی شام ہونے والے الگ الگ حملوں میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایئرپورٹس کو معمولی نقصان پہنچا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی حکام نے بتایا کہ کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور نجران انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے ایسے وقت ہوئے جب سعودی عرب اور یمن کے ایران نواز حوثی گروپ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔سعودی سول ایوی ایشن حکام کے مطابق دونوں ہوائی اڈوں کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ مسافروں اور عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز نے حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں کو واپس لینے کے لیے بڑی فوجی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ حوثیوں کی جانب سے کئی ہفتوں تک پیش قدمی کے بعد سعودی عرب نے بھی یمنی حکومتی فورسز کی حمایت میں فضائی کارروائیوں میں اضافہ کیا ہے۔
حوثیوں نے سعودی کارروائیوں کے ردعمل میں میزائل اور ڈرون حملے تیز کردیے ہیں، جن میں سعودی ہوائی اڈوں کے علاوہ تیل کی تنصیبات اور فوجی مقامات کو نشانہ بنانے کی کوششیں بھی شامل ہیں۔سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق دونوں ایئرپورٹس کی صورتحال اور نقصانات کا جائزہ جاری ہے، جبکہ شہری ہوا بازی کے نظام کی سکیورٹی اور مسافروں و عملے کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے نہ صرف یمن کی جنگ بلکہ پورے خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بھی تشویش میں اضافہ کردیا ہے۔