ریاض: سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں حوثی ملیشیا کی جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جنوب مغربی علاقے جازان کی بندرگاہ پر حوثیوں کی جانب سے داغا گیا ایک پروجیکٹائل آ گرا، جس کے نتیجے میں معمولی نقصان ہوا، تاہم کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
سعودی حکام کے مطابق جازان بندرگاہ پر گرنے والے پروجیکٹائل سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ اتحادی فورسز اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہی ہیں کہ حملے میں کس نوعیت کا پروجیکٹائل استعمال کیا گیا تھا۔دوسری جانب سعودی عرب کی اتحادی فورسز نے بدھ کے روز جدہ کی اسلامی بندرگاہ کے قریب حوثیوں کی جانب سے بھیجا گیا ایک ڈرون روک کر تباہ کر دیا۔ حکام کے مطابق ڈرون تباہ ہونے کے بعد اس کا ملبہ گرا، تاہم واقعے میں کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔اسی طرح حوثی فورسز کی جانب سے سعودی عرب کے مغربی علاقے کی طرف داغا گیا ایک میزائل بھی تباہ کر دیا گیا۔ سعودی دفاعی حکام کی جانب سے مختلف علاقوں میں فضائی خطرات سے نمٹنے کے لیے نگرانی اور حفاظتی اقدامات جاری ہیں۔
ادھر سعودی سول ڈیفنس نے ریاض صوبے میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر شہریوں کو الرٹ جاری کیا، تاہم بعد ازاں حکام نے اعلان کیا کہ خطرہ ٹل گیا ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں حالیہ حملوں کا یہ سلسلہ ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں ایک ٹاور کو حوثی حملے میں نشانہ بنائے جانے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔ اس واقعے میں مجموعی طور پر 11 افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں 2 سعودی شہری اور 9 غیر ملکی باشندے شامل تھے۔