احتجاج ختم کریں، مذاکرات کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں: وزیراعظم

احتجاج ختم کریں، مذاکرات کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایک بار پھر مذاکرات کی مشروط پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ اور دھرنے ختم کیے جائیں تو حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ڈھائی سال کی محنت اور ٹیم ورک کے ذریعے ملکی معیشت کو استحکام کی جانب لایا گیا ہے۔ ان کے مطابق مشکل سے حاصل کیا گیا میکرو اکنامک استحکام ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کو کامیاب بنانے کی کوششیں کیں، تاہم یہ کوششیں بارآور ثابت نہیں ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب ملک میں ترقی اور معاشی سرگرمیوں کا عمل جاری ہے، جبکہ دوسری جانب احتجاج اور دھرنوں کے باعث برآمدات، درآمدات اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں پر منفی اثرات کا خدشہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ احتجاجی سیاست کا پہلا اثر ملکی معیشت پر پڑے گا۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے مارچ اور دھرنے ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد حکومت مذاکرات کے لیے تیار ہے۔شہباز شریف نے سیاسی قیادت پر زور دیا کہ ملک کی معاشی پیش رفت اور عالمی ساکھ کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاسی معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے۔