لاہور: کھلے دروازے دیکھ کر گھروں میں وارداتیں کرنے والا گینگ گرفتا

لاہور: کھلے دروازے دیکھ کر گھروں میں وارداتیں کرنے والا گینگ گرفتا

لاہورمیں گھروں میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کھلے دروازے دیکھ کر گھروں کا صفایا کرنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا۔

 بادامی باغ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ، موٹرسائیکل، موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان دن دیہاڑے گھروں کے کھلے دروازے دیکھ کر اندر داخل ہوتے اور اہل خانہ کو اسلحے کی نوک پر یرغمال بنا کر لوٹ مار کرتے تھے۔ ملزمان گھروں میں موجود قیمتی سامان، نقدی اور دیگر اشیا لوٹ کر فرار ہو جاتے تھے۔حکام کے مطابق ملزمان کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی، جس میں انہیں گھروں میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی عمل میں لائی گئی۔

بادامی باغ پولیس ٹیم نے خفیہ معلومات اور شواہد کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے ارکان کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان بھی برآمد کرلیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ تفتیش کے دوران ملزمان سے شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی وارداتوں اور ان کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی جائیں گی۔