سبزیوں کی سرکاری نرخوں کے برعکس مہنگے داموں فروخت ، شہری پریشان

سبزیوں کی سرکاری نرخوں کے برعکس مہنگے داموں فروخت ، شہری پریشان

شہر میں سبزیوں کی سرکاری قیمتوں اور اوپن مارکیٹ کے نرخوں میں نمایاں فرق برقرار ہے، جس کے باعث شہری مہنگے داموں سبزیاں خریدنے پر مجبور ہیں۔

 متعدد اشیائے ضروریہ سرکاری ریٹ لسٹ سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔مارکیٹ سروے کے مطابق آلو کی سرکاری قیمت 35 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 60 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح پیاز کی سرکاری قیمت 105 روپے جبکہ مارکیٹ میں 120 روپے فی کلو وصول کیے جا رہے ہیں۔ٹماٹر کی سرکاری قیمت 160 روپے فی کلو ہے، لیکن مختلف بازاروں میں یہ 220 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ کریلے کی سرکاری قیمت 70 روپے کے مقابلے میں 100 روپے، مٹر 200 روپے کے بجائے 230 روپے، جبکہ شملہ مرچ 230 روپے کی بجائے 270 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔مزید برآں، سبز مرچ کی سرکاری قیمت 110 روپے کے مقابلے میں 130 روپے، بند گوبھی 70 روپے کے بجائے 80 روپے، جبکہ پھول گوبھی 120 روپے کی بجائے 150 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ریٹ لسٹ پر سبزیوں کی فروخت کو یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔دوسری جانب سبزی فروشوں کا مؤقف ہے کہ تھوک منڈیوں میں بھی سبزیاں سرکاری نرخوں کے مطابق دستیاب نہیں ہوتیں، جس کے باعث ان کے لیے مقررہ قیمتوں پر فروخت کرنا ممکن نہیں رہتا۔