آئی فون 17 پرو کی خاطر دوست ہی لوٹ مار کا منصوبہ ساز نکلا!

آئی فون 17 پرو کی خاطر دوست ہی لوٹ مار کا منصوبہ ساز نکلا!

 لاہور پولیس نے آئی فون 17 پرو چھیننے کی واردات کا معمہ حل کرتے ہوئے متاثرہ شہری کے دوست سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ملزمان شہری سے آئی فون 17 پرو اور اوپو اے 9 موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے تھے۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس نے اس کا تفصیلی تجزیہ کیا، جس کے دوران متاثرہ شہری کے دوست کا کردار مشکوک پایا گیا۔پولیس کے مطابق پوچھ گچھ اور سی سی ٹی وی شواہد کی کڑیاں ملنے پر واردات کا راز کھلا، جس کے بعد متاثرہ شہری کے دوست کی نشاندہی پر دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزمان میں مدثر، مقصود، علی رضا اور ذیشان شامل ہیں۔ ملزمان نے دورانِ تفتیش دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 10 موبائل فونز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والے 2 پستول بھی برآمد کرلیے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔