پی ایم ایس امتحان،عمر دو سال بڑھانے، اضافی چانس کا فیصلہ واپس

عمر کی حد 30سے بڑھا کر 32 سال اور مواقع 3سے4کرنیکی خصوصی رعایت ختم 
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب حکومت نے پی ایم ایس امتحان کے امیدواروں کیلئے چند ہفتے قبل دیاجانے والا عمر میں دو سال اضافے اور اضافی چانس دینے کا فیصلہ واپس لے لیا۔ 2026 اور 2027 کے امتحانات میں عمر کی حد 30 سے بڑھا کر 32 سال اور مواقع کی تعداد 3 سے بڑھا کر4کرنے کی خصوصی رعایت ختم کردی گئی۔ حکومت نے 19 اگست کو جاری کیا گیا نوٹیفکیشن منسوخ کردیا جسکے تحت پی ایم ایس امیدواروں کو عمر میں دو سال اور ایک اضافی چانس کی سہولت دی گئی تھی۔سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے 2 اکتوبر کو 19 اگست 2026 کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا حکم جاری کردیا۔ نئے فیصلے کے بعد امیدواروں کو عمر کی حد میں دو سال کی خصوصی رعایت نہیں ہوگی، اضافی چوتھا چانس بھی ختم کردیا گیا۔عمر میں دو سال اضافے اور 3 کے بجائے 4مواقع کی رعایت ختم ہونے سے ان امیدواروں کی اہلیت متاثر ہوگی جو خصوصی رعایت کو مدنظر رکھ کر امتحان کی تیاری کررہے تھے۔