سی ایس ایس امتحان: عمر کی بالائی حد 35 سال ، چانسز بڑھانے کی سفارش مسترد

 پارلیمانی کمیٹی کی تجاویز ناقابلِ عمل قرار، موجودہ پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ:اسٹیبلشمنٹ ڈویژن  
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے سی ایس ایس کے امتحان کے لیے عمر کی بالائی حد اور مواقع میں اضافے سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات کو مسترد کر دیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے واضح کیا ہے کہ امتحان کے لیے عمر کی حد 30 سال اور مواقع کی تعداد 3 ہی برقرار رکھی جائے گی۔قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے سفارش کی تھی کہ سی ایس ایس کے لیے عمر کی حد 30 سے بڑھا کر 35 سال کر دی جائے جبکہ امتحان میں شرکت کے مواقع بھی 3 سے بڑھا کر 5 کر دیے جائیں۔ تاہم، اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے اس سفارش کو ناقابلِ عمل قرار دیتے ہوئے پارلیمانی کمیٹی کو اپنے تحریری مؤقف سے آگاہ کر دیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن کے مطابق عمر کی حد یا مواقع میں تبدیلی کا فیصلہ وفاقی حکومت کے پالیسی دائرہ اختیار میں آتا ہے، اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن (FPSC) کے 174 ویں اجلاس میں بھی موجودہ پالیسی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن کے مطابق عمر کی حد بڑھانے سے امیدواروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے امتحانات کے انعقاد اور پیپرز کی جانچ کا دباؤ بڑھ جائے گا۔ جبکہ زیادہ چانسز ملنے سے امیدوار بار بار امتحان دینے کے چکر میں اپنے قیمتی پیداواری سال ضائع کر سکتے ہیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے زیادہ عمر میں سول سروس جوائن کرنے والے افسران کی مجموعی مدتِ ملازمت کم رہ جاتی ہے۔ جبکہ اس اقدام سے اعلیٰ اور کلیدی عہدوں کے لیے تجربہ کار افسران کی طویل المدتی دستیابی شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔