ایکسین شالیمار،لائن سپرنٹنڈنٹ ناجائز بجلی کنکشن دینے پرگرفتار

وسیم اور راشد کی طرف سے منہالہ گائوں کے کنکشن میں بے ضابطگیوں کا انکشاف 
لاہور (کرائم رپورٹر )ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کی کارروائی ،منہالہ گائوں میں ناجائز بجلی کنکشن پاس کرنے اور بے ضابطگیوں پر ایکسین شالیمار، ایچ ڈی ایم کے وسیم اور لائن سپرنٹنڈنٹ صحافی کالونی راشد کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے ٹیم نے لیسکو افسروں اور ملازمین کو شالیمار ڈویڑن سے گرفتار کیا۔ مقدمہ کے متن کے مطابق کاشف کے نام پر منظور شدہ 36 کلوواٹ بجلی کنکشن کی تنصیب میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا،منظور شدہ نقشے کے برعکس صارف کی حدود میں 11 کے وی لائن کے دو سپینز اور دو سٹیل پولز نصب کیے گئے،منظور شدہ سکیم کے مطابق 11 کے وی لائن بائونڈری وال کیساتھ نصب ہونا تھی،موقع پر نصب لائن کی الائنمنٹ منظور شدہ نظرثانی شدہ نقشے سے مختلف تھی،50 کے وی اے ٹرانسفارمر اور دو اے ٹی بی بھی نصب کیے گئے، منظور شدہ تخمینے میں چار 11 کے وی سٹیل سٹرکچرز درکار تھے، موقع پر 3 نصب کیے گئے۔لائن تنصیب کیلئے ایس اوپیزکے مطابق اجازت بھی نہ ہونے کا انکشاف ہوا ،صارف کی حدود سے گزرنے والی 11 کے وی لائن میں ڈھیلا ساگ بھی پایا گیا جسے حفاظتی خطرہ قرار دیا گیا۔ایف آئی اے ٹیم نے موقع کا معائنہ کرکے بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی۔