ڈینگی میں اضافہ ، اکتوبر میں ابتک 6 کنفرم کیسز رپورٹ ، سرویلنس مئوثر بنانے کافیصلہ
لاہور (خصوصی رپورٹ )لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی کیسز میں اضافہ جاری ، صوبے بھر میں ابتک کنفرم مریضوں کی مجموعی تعداد 172 ہو گئی۔محکمہ صحت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں ابتک 6 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں لاہور میں 2 ، راولپنڈی، خانیوال، شیخوپورہ اور لودھراں کا ایک ایک کیس شامل ہے۔ضلع وار اعداد و شمار کے مطابق لاہور اور راولپنڈی سرفہرست ہیں، لاہور میں ابتک 38 راولپنڈی میں 34 کیسز کنفرم ہو چکے ہیں، ملتان 15 اور رحیم یار خان میں 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت انسدادِ ڈینگی پر آن لائن اجلاس ہوا۔ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان سمیت صوبہ بھر کے تمام متعلقہ سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ انسدادِ ڈینگی اقدامات کا جائزہ لیکر فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع میں ڈینگی سرویلنس کو مزید مئوثر بنایا جائے گا اور فیلڈ سرگرمیاں تیز کی جائینگی۔ صوبائی وزیر نے کہا ڈینگی لاروا کی نشاندہی اور تلفی عمل میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ سرکاری و نجی عمارتوں، ہاٹ سپاٹس اور حساس مقامات کی مسلسل سرویلنس یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے الائیڈ ڈیپارٹمنٹس کو جونیئر کی بجائے سینئر افسروں کو فوکل پرسن نامزد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئیفیلڈ ایکٹیوٹیز کیلئے 7 دن کی مہلت دی اور کہا خود فیلڈ میں موجود رہوں گا۔