امریکی بمبار طیارے برطانوی ایئربیس سے کیوں ہٹائے گئے؟ ٹرمپ نے انکشاف کردیا

امریکی بمبار طیارے برطانوی ایئربیس سے کیوں ہٹائے گئے؟ ٹرمپ نے انکشاف کردیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ برطانیہ کے رائل ایئر فورس بیس فیئر فورڈ سے امریکی بمبار طیارے ایک ممکنہ خطرے کے باعث واپس امریکا منتقل کیے گئے۔

وائٹ ہاؤس سے روانگی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی کہ امریکی حکام کو بیس سے متعلق ایک خطرے کا علم تھا، جس کے بعد وہاں موجود بمبار طیاروں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔امریکی محکمہ دفاع نے بھی تصدیق کی تھی کہ فیئر فورڈ بیس پر موجود تقریباً 12 بی ون بمبار طیاروں کو واپس امریکا میں ان کے ہوم اسٹیشنز منتقل کر دیا گیا ہے۔ٹرمپ کے مطابق طیاروں کی واپسی محض اتفاق نہیں تھی بلکہ کچھ خطرات موجود تھے، اس لیے دشمن کو موقع دینے کے بجائے طیاروں کو دوسری جگہ منتقل کیا گیا۔ امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا ان افراد سے بھی واقف ہے جن کی جانب سے خطرہ پیدا کیا گیا، تاہم انہوں نے خطرے کی نوعیت یا مبینہ طور پر ملوث افراد کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

امریکی ذرائع کے مطابق خدشہ ممکنہ تخریب کاری یا ایران کے ساتھ دوبارہ کشیدگی کی صورت میں حساس اور قیمتی طیاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش سے متعلق ہو سکتا ہے۔یہ پیش رفت 27 ستمبر کو فیئر فورڈ ایئربیس کے قریب تین مشتبہ گاڑیوں کی موجودگی کے بعد سامنے آئی تھی، تاہم برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ ایئربیس محفوظ ہے۔دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے طیاروں کی منتقلی کو معمول کی فوجی نقل و حرکت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں فوجی یونٹس اور اثاثوں کی جگہ تبدیل کرنا غیر معمولی بات نہیں۔