نئی دہلی: سپریم کورٹ آف انڈیا میں دوران سماعت ایک معمر شخص نے چیف جسٹس بی آر گوائی پر جوتا پھینک دیا۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کے دوران چیف جسٹس نے غیر معمولی تحمل کا مظاہرہ کیا اور کہا کہ “مجھ پر ایسے حملوں کا کوئی اثر نہیں ہوگا”، اور عدالتی کارروائی معمول کے مطابق جاری رکھی۔ جوتا پھینکنے والے شخص کے پاس وکلا اور ان کے معاونین کے جاری کردہ کارڈ برآمد ہوئے، تاہم اس کے ارادے کے بارے میں واضح معلومات ابھی تک نہیں مل سکیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب چیف جسٹس بی آر گوائی حال ہی میں ایک تبصرے کے سبب سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں تھے، جس میں انہوں نے ایک ہندو دیوتا کے مجسمے کی ازسر نو تعمیر کے حوالے سے کہا تھا کہ “جا کر دیوتا سے خود کہو کہ وہ خود کچھ کریں”۔ چیف جسٹس نے بعد میں وضاحت دی کہ ان کے جملے کو سوشل میڈیا پر غلط رنگ میں پیش کیا گیا اور وہ تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔