توشہ خانہ 2 کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 342 کے تحت دفاع کا آخری موقع

توشہ خانہ 2 کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 342 کے تحت دفاع کا آخری موقع

اسلام آباد: بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس میں استغاثہ کے آخری گواہ پر جرح مکمل کر لی گئی ہے۔

 اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی، جس میں ملزمان کو 342 کے تحت سوالنامے فراہم کیے گئے ہیں اور آئندہ سماعت پر جوابات طلب کیے گئے ہیں۔عمران خان کے وکیل قوسین فیصل مفتی نے استغاثہ کے آخری گواہ محسن ہارون پر جرح مکمل کی، جبکہ پراسیکیوشن نے عدالت کو شہادت مکمل ہونے پر تحریری طور پر آگاہ کیا۔ ملزمان کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کا آخری موقع دیا گیا ہے اور وہ اپنے دفاع میں گواہ بھی پیش کر سکتے ہیں۔ وکلاء صفائی 8 اکتوبر کو سوالناموں کے جوابات جمع کروائیں گے۔

سماعت کے دوران سینیٹر علی ظفر، سینیٹر مشال یوسف ذئی، بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، کے پی حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف اور عمران خان کی تینوں بہنیں عدالت میں موجود تھیں۔ پراسیکیوشن کی جانب سے ذوالفقار عباس نقوی، بلال بٹ، بیرسٹر عمیر مجید اور شہروز گیلانی بھی موجود تھے۔ کیس کی مزید سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔