آئی جی کی زیر صدارت سکیورٹی، انسدادِ جرائم پراجلاس

وارداتوں ،منشیات فروشی خاتمے ، اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے اقدامات کی ہدایت
لاہور(کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس ہوا۔ ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن شہزادہ سلطان، اے آئی جی آپریشنز زاہد نواز مروت، اے آئی جی ڈویلپمنٹ ڈاکٹر رضوان ودیگر سینئر افسر موجود تھے ، کمانڈنٹ پی سی، ڈی آئی جی ایس پی یو اینڈ ویلفیئر، آرپی اوزفیصل آباد،گوجرانوالہ، سی پی اوز، ڈی پی اوز، ایس ایس پی ٹریفک ، ٹریفک افسروں نے ویڈیو لنک پر شرکت کی۔آئی جی نے چینی و دیگر غیر ملکی باشندوں کی سکیورٹی،حادثات اور اوورلوڈنگ کے تدارک، کرائم کنٹرول، ویلفیئر اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ بہترین کارکردگی پر ڈی پی او منڈی بہاؤالدین وسیم ریاض کو تعریفی لیٹر دینے کا اعلان کیا۔ فلڈآپریشنز میں بہترین کارکردگی پر ڈی پی او مظفرگڑھ، نارووال، سیالکوٹ ودیگرافسروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آئی جی نے کہاڈکیتی، راہزنی، گاڑیوں و موٹر سائیکل چوریوں کے خاتمے اور ریکوری بڑھانے کیلئے مربوط اقدامات کئے جائیں۔زیادتی مقدمات کا فوری اندراج، مغوی اور گمشدہ خواتین و بچوں کی جلد بازیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ اشتہاریوں کی گرفتاری، منشیات مقدمات میں مؤثر چالاننگ اور سزائیں یقینی بنانے پر زور دیاگیا۔ ای پولیس ایپلی کیشن، ای فوس سسٹم کے مؤثر استعمال، 1787 شکایات پر داد رسی، سائبان دفاتر کی تکمیل اور انفارمیشن شیٹس میں درست اندراج کے امور بھی زیر غور آئے۔