پوزیشن ہولڈر زکیاساتذہ کاکیش پرائز 50 ہزار سے بڑھا کر 1 لاکھ دینے کااعلان
مہنگی تعلیم کے مقابلے کیلئے 300 سکول آف ایمیننس کا پراجیکٹ لا رہے ،راناسکندر
لاہور (خصوصی رپورٹ)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے لاہور اور قصور میں یوم اساتذہ پرتقاریب میں شرکت کی ۔ انہوں نے اساتذہ کوہیرو ایوارڈز اور کیش پرائز تقسیم کئے اور کارکردگی کو سراہا۔ وزیر تعلیم نے اس موقع پراپنے اساتذہ اور ٹاپ پرفارمنگ سرکاری سکول ٹیچرز کو بھی فرداً فرداً فون کر کے خیریت دریافت کی اور تعلیم و تربیت پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے کہا انکی محنت سے صوبے کا تعلیمی نظام بدل رہا ہے۔ استاد چاہے سرکاری ہو یا پرائیویٹ، برابر کی تکریم ہونی چاہئے۔ رانا سکندر حیات نیپنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی ہیرو ایوارڈ زتقریب سے خطاب میں کہا سکول آئوٹ سورس کرنے سے ہزاروں اساتذہ کو روزگار کے مواقع ملے۔ اساتذہ کی محنت سے سرکاری اور نجی سکولوں کے معیار تعلیم کا فرق ختم ہو رہا ہے۔ انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے اساتذہ کیلئے ہیلتھ انشورنس اور جاب سکیورٹی کیلئے لائحہ عمل بنانے پر غور کی ہدایت کرتے کہا پیف، پی آر ایس پی اور پیما کے سوٹاپ پرفارمنگ سکولوں کو 10، 10 لاکھ کیش پرائز دینگے۔ وزیر تعلیم نے آئوٹ سورس سکولوں کے اساتذہ کی ٹریننگ کے اخراجات سرکاری طور پر ادا کرنے کا اعلان کرتے کہامہنگی تعلیم کے مقابلے کیلئے 300 سکول آف ایمیننس کا پراجیکٹ لا رہے ہیں۔ یہ سکول بھی قطعی میرٹ پر اور ترجیحاً ٹاپ پرفارمنگ والے اساتذہ کو دینگے۔ انہوں نے کہا بورڈ میں پوزیشن ہولڈرطلبہ کے 22 اساتذہ کیلئے کیش پرائز 50 ہزار سے بڑھا کر 1 لاکھ اور 50 ٹاپ پرفارمنگ ٹیچرز کوکیش پرائز 10 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار دیاجائیگا۔ تقریب میں چیئرمین چیف منسٹر ٹاسک فورس برائے امتحانات مزمل محمود، ایم ڈی پیف شاہد فرید، سینئر افسروں اور اساتذہ نے شرکت کی۔