ویب ڈیسک: غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صیہونی فضائی حملوں میں مزید 67 فلسطینی شہید اور 156 زخمی ہو گئے، جبکہ غذائی قلت کے باعث ایک اور فلسطینی نے جان گنوا دی۔
غزہ میں جاری تباہ کن حملوں کے نتیجے میں شہدا کی مجموعی تعداد 67 ہزار 139 تک جا پہنچی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد بڑھ کر 1 لاکھ 69 ہزار 583 ہو گئی ہے۔ادھر اسرائیلی فورسز نے فلسطینی فٹبال فیڈریشن کے ہیڈکوارٹرز کو بھی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔عینی شاہدین کے مطابق حملوں کے بعد امدادی ٹیموں کو ملبے تلے دبے افراد تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جب کہ اسپتالوں میں دواؤں اور طبی سہولتوں کی شدید قلت ہے۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیل کے ان حملوں کو انسانیت سوز جرائم قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔