وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے ایمل ولی خان کو مکمل سیکورٹی برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی تھی
ہائبرڈ رجیم کے پارٹنرز نے وزیراعلی کو یرغمال بنا lya، خود وزیراعلی بھی آئی جی کے سامنے بے بس ہیں
پشاور(آئی این پی)خیبرپختونخوا میں ایک اہم انتظامی تنازع سامنے آ گیا، آئی جی پولیس نے وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی واضح ہدایات کے باوجود عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کی سیکورٹی واپس لے لی ۔ذرائع کے مطابق وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے ایمل ولی خان کو مکمل سیکورٹی برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی تھی، مگر پولیس حکام نے یہ ہدایت نظرانداز کرتے ہوئے اہلکار واپس بلا لئے ۔ اتوار کی صبح پشاور میں تعینات تمام پولیس اہلکاروں کو لائن حاضر کر دیا گیا۔ اس سے قبل وفاقی سطح پر دی گئی سیکورٹی بھی واپس لے لی گئی تھی، جس کے بعد اب صوبائی پولیس کی سیکورٹی بھی ختم کردی گئی ہے۔عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان نے اس اقدام پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہائبرڈ رجیم کے پارٹنرز نے وزیراعلی کو یرغمال بنا رکھا ہے، خود وزیراعلی بھی آئی جی کے سامنے بے بس ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اے این پی اپنے رہنمائوں کی سیکورٹی کے لئے نیا لائحہ عمل طے کرے گی۔