سندھ حکومت نے تعلیمی شعبے میں ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے محکمہ اسکول ایجوکیشن کے تحت سلیکٹ پروجیکٹ کا افتتاح کیا ہے، جس کا مقصد طلبہ کی حاضری کی نگرانی اور شکایات کے نظام کو ڈیجیٹل بنانا ہے۔
اس اہم اقدام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس منصوبے کی تفصیلات بیان کیں اور اس کے فوائد پر روشنی ڈالی۔مراد علی شاہ کے مطابق، ”سلیکٹ“ سندھ میں طلبہ کی حاضری کو مانیٹر کرنے کا پہلا ڈیجیٹل نظام ہے، جس کا بنیادی مقصد پرائمری طلبہ کی ریڈنگ اسکلز میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام سے ابتدائی جماعتوں میں تدریسی معیار میں بہتری آئے گی اور اساتذہ کی تربیت کو بھی فروغ دیا جائے گا، جس سے تعلیمی ماحول کو پرائمری سے مڈل سطح تک اپ گریڈ کیا جا سکے گا۔ اس نظام کے ذریعے اسکول مینجمنٹ اور لیڈرشپ میں بھی ڈیجیٹل نظام لاگو کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ریفارم سپورٹ یونٹ کی نگرانی میں مکمل مانیٹرنگ اور شفاف نظام رائج ہوگا، اور سیمرز (SAMRS) نظام کے تحت طلبہ و اساتذہ کی حاضری، رجسٹریشن اور گریڈ پروموشن کا ڈیٹا ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے طلبہ اور اساتذہ کی حاضری، رجسٹریشن اور نگرانی آن لائن ممکن ہوگی، جس میں Geo-fence اور آف لائن موڈ جیسی خصوصیات بھی شامل ہیں تاکہ نظام کی فعالیت مکمل رہے۔ غیر حاضر طلبہ کی وجوہات کی نشاندہی اور بروقت اصلاحی کارروائی بھی کی جائے گی۔
اس پروگرام کے تحت 600 اسکولز میں اس کا نفاذ مکمل کیا گیا ہے، جن میں 120 پرائمری، 480 مڈل، اور 79 ہائی اسکول شامل ہیں۔ اس میں کل 1 لاکھ 37 ہزار طلبہ کا اندراج کیا گیا ہے، جن میں 79,730 لڑکیاں اور 57,501 لڑکے شامل ہیں۔ 72 فیصد اسکولز میں طلبہ کی حاضری کا ڈیٹا دونوں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے دستیاب ہوگا، اور 99 فیصد اسکولز کا حاضری کا ڈیٹا SAMRS سسٹم پر رپورٹ کیا جائے گا۔ غیر حاضر رہنے کی بڑی وجوہات میں بیماری (44٪)، گھریلو مجبوری (21٪)، اور فیملی ایمرجنسی (16٪) شامل ہیں۔مراد علی شاہ کے مطابق، اپریل سے مئی 2025 تک حاضری میں 16 فیصد بہتری دیکھنے میں آئی ہے، اور ہائی رسک طلبہ کی شرح 32.5 فیصد سے کم ہو کر 23 فیصد رہ گئی ہے۔ اس نظام کی بدولت اسکول ڈراپ آؤٹ میں بھی نمایاں کمی آئی ہے، کیونکہ اب کوئی بھی طالبعلم نظام سے باہر نہیں، اور ہر طالبعلم کا ریکارڈ اس کی شناخت سے منسلک ہے۔مزید برآں، سندھ حکومت نادرا کے تعاون سے طلبہ کے B-Form نمبرز کی تصدیق مکمل کرے گی، تاکہ نیا آن لائن سسٹم محکمہ تعلیم کے اسکولوں کے طلبہ کی حاضری کو خودکار طریقے سے ریکارڈ کرے۔ اس سے اساتذہ اور والدین کو بھی حاضری کا ڈیٹا آن لائن دستیاب ہوگا، جس سے تعلیمی نظام میں شفافیت اور کارکردگی میں بہتری آئے گی۔اس تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کے علاوہ صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ، محکمہ تعلیم کے افسران اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔