پنجاب میں ہڑتال مکمل ناکام، عوام نے انتشار اور گالم گلوچ کو مسترد کر دیا: مریم نواز

پنجاب میں ہڑتال مکمل ناکام، عوام نے انتشار اور گالم گلوچ کو مسترد کر دیا: مریم نواز

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں کہیں بھی ہڑتال نہیں ہوئی اور عوام نے منفی سیاست، انتشار اور گالم گلوچ کے کلچر کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ عوام نے اپنے طرزِ عمل سے ثابت کر دیا کہ وہ ترقی، امن اور خوشیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔لاہور میں بسنت فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ انتشاری اور فسادی عناصر کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال بری طرح ناکام ہوئی، کیونکہ عوام نے اسے کوئی پذیرائی نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں معمولاتِ زندگی رواں دواں رہے اور شہریوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ بسنت کے موقع پر عوام نے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا اور لاہور کے عوام نے ان کے اعتماد کی لاج رکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ 25 سال بعد ایسے مناظر دیکھنے کو ملے کہ ہر چھت پر لوگ پتنگ بازی میں مصروف تھے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بسنت پنجاب کے ثقافتی تشخص کا اہم حصہ ہے۔مریم نواز نے کہا کہ لاہوریوں کے چہروں پر خوشی دیکھ کر انہیں دلی مسرت ہوئی اور بسنت کی بحالی سے پنجاب کی ثقافت ایک بار پھر زندہ ہو گئی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل، خصوصاً جین زی، نے پہلی بار بسنت کو بھرپور انداز میں منایا اور اس تہوار سے بھرپور لطف اٹھایا۔انہوں نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے بسنت فیسٹیول کو مثبت انداز میں کور کیا جس سے اس ثقافتی سرگرمی کا خوبصورت پہلو اجاگر ہوا۔ وزیرِ اعلیٰ نے ترلائی دھماکے کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے بعد سرکاری سطح پر بسنت کی تقریبات منسوخ کر دی گئیں تاکہ سوگ اور ہمدردی کا اظہار کیا جا سکے۔آخر میں مریم نواز نے کہا کہ بسنت کی کامیاب بحالی اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب کے عوام امن، ثقافت اور خوشیوں کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں اور منفی سیاست کو یکسر مسترد کر چکے ہیں۔