سپریم کورٹ کینٹین دھماکے کا ایک زخمی چل بسا، 4 کی حالت تشویشناک

اسد منیب ایئر کنڈیشن ٹیکنیشن تھا جسم کا 80 فیصد حصہ جھلس چکا تھا، ڈاکٹر عبد الخالق 
پانچ مریضوں کی آئندہ دو ہفتوں میں پلاسٹک اور جلد کی سرجری کی جائے گی
  اسلام آباد (یواین پی)سپریم کورٹ کی کینٹین میں منگل کو گیس دھماکے میں زخمی ہونے والا نوجوان بدھ کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، ہسپتال حکام کے مطابق واقعہ میں زخمی ہونے والے 13 افراد میں سے 19 سالہ اسد منیب جانبر نہیں ہو سکا۔پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے برن کیئر سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر عبدالخالق نے بتایا کہ اسد منیب ایئر کنڈیشن ٹیکنیشن تھا اور اس کے جسم کا 80 فیصد حصہ جھلس چکا تھا۔ڈاکٹر کے مطابق ایک اور زخمی کو ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے، باقی 11 میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے، انہوں نے بتایا کہ 5 مریضوں کی آئندہ دو ہفتوں میں پلاسٹک اور جلد کی سرجری کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گیس دھماکے کے دوران گرم ہوا پھیپھڑوں میں داخل ہو جاتی ہے جس سے اندرونی طور پر شدید نقصان ہوتا ہے، جبکہ بعض کیمیکلز کے اخراج سے چوٹیں مزید بڑھ سکتی ہیں،ان کے مطابق برن یونٹ کی پلاسٹک سرجری ٹیم زخمیوں کے علاج کے لیے پوری کوشش کر رہی ہے