بوائلر دھماکے کا ایک اور زخمی چل بسا

مرنے والوں کی تعداد 4 ہو گئی، 5زخمیوں کی حالت بھی نازک،فیکٹری مالک ، انسپکٹر بلڈنگز، کے خلاف مقدمہ 
کالا شاہ کاکو،مریدکے،نارنگ منڈی(خصوصی رپورٹ) فیکٹری بوائلر دھماکے میں زخمی ہونے والا ایک اور نوجوان جان کی بازی ہار گیا،مرنے والوں کی تعداد 3 ہوگئی۔ پولیس نے فیکٹری مالک سمیت دو سرکاری اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔تفصیل کے مطابق چار روز قبل نارووال روڈ پر پرانے ٹائر جلا کر تیل نکالنے والی غیر قانونی فیکٹری کا بوائلر دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس میں موجود کئی ٹن کھولتا ہوا تیل گرنے سے 8افراد بری طرح جھلس گئے جن میں سے سجاد نامی مزدور اسی روز دم توڑ گیا جبکہ دوسرے روز شاہد بٹ اور چوتھے روز اسد شا ہ نامی نوجوان بھی خالق حقیقی سے جا ملے۔ پولیس ذرائع کے مطابق میو ہسپتال لاہور میں داخل دیگر پانچ افراد کی حالت بھی غیر تسلی بخش ہے اور زیادہ ترافراد کے جسم کا اکثریتی حصہ جل چکا ہے۔ پولیس نے نائب تحصیلدار کی مدعیت میں فیکٹری مالک ماجد شیخ، ضلع کونسل شیخوپورہ کے انفورسمنٹ انسپکٹر بلڈنگز اصغر علی اور انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کے انسپکٹر حامد علی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تاہم ابھی تک کوئی ملزم بھی گرفتار نہیں کیا جا سکا۔