صحافیوں کے حقوق اور آزادی صحافت کے تحفظ کیلئے حکومت کے عملی اقدامات جاری رہیں گے: وفد سے گفتگو
اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، آر آئی یو جے اور نیشنل پریس کلب کے وفد نے ملاقات کی جس میں صحافیوں کو درپیش مسائل، جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن کے قیام ، اور میڈیا ہاؤسز سے غیر قانونی برطرفیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ ، نیشنل پریس کلب کی سیکریٹری نیئر علی ، آر آئی یو جے کے سیکریٹری آصف بشیر چوہدری ، اور سینئر صحافی رہنما مظہر عباس و شہزادہ ذوالفقار شامل تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن کے قیام کا عمل آخری مراحل میں ہے اور حکومت صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے میڈیا ہاؤسز میں جاری ملازمین کی برطرفیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے میڈیا اداروں کو تاریخی واجبات ادا کیے، اس کے باوجود برطرفیاں افسوسناک ہیں۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ میڈیا مالکان سے اس معاملے کو باضابطہ طور پر اٹھایا جائے گا** اور صحافیوں کے لیے ہیلتھ انشورنس کے نظام کو مزید موثر اور وسیع کیا جائے گا ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آزادی صحافت اور صحافیوں کے معاشی تحفظ کے لیے حکومت عملی اقدامات جاری رکھے گی۔