ٹیسلا کے موبائل فون کی افواہیں، ایلون مسک نے مسترد کردیں

ٹیسلا کے موبائل فون کی افواہیں، ایلون مسک نے مسترد کردیں

ویب ڈیسک:سوشل میڈیا پر ایک دعویٰ تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ مشہور امریکی کمپنی ٹیسلا، جسے ایلون مسک نے قائم کیا، رواں سال ایک موبائل فون "Tesla Pi" لانچ کرے گی۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ فون ایک خاص فیچر کے ساتھ آئے گا

جس میں "سولر چارجنگ" ہوگا، یعنی یہ موبائل فون سورج کی روشنی سے خودبخود چارج ہوگا، اور اسے چارجنگ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ دعویٰ کے مطابق، یہ فون آپ کی جیب میں پڑا ہونے کے باوجود چارج ہوتا رہے گا، اور اس میں کوئی خاص وائرلیس چارجنگ ڈیوائس کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

اس کے علاوہ، دعویٰ میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ "Tesla Pi" موبائل فون کا انٹرنیٹ کنکشن بھی روایتی وائی فائی یا انٹرنیٹ سروسز پر منحصر نہیں ہوگا۔ یہ خود بخود ایلون مسک کی کمپنی "اسٹار لنک" کے سیٹلائٹس سے جڑ جائے گا، جس کی بدولت موبائل دنیا کے کسی بھی حصے میں انٹرنیٹ سے جڑ سکے گا، یہاں تک کہ چاند اور مریخ پر بھی۔

اس وائرل پوسٹ اور اس میں کیے گئے دعووں کی بنیاد پر کئی یوٹیوبرز نے ویڈیوز بھی بنائی ہیں، جن میں اس موبائل کے ممکنہ فیچرز پر بات کی گئی ہے، اور ان ویڈیوز کو انٹرنیٹ صارفین کے درمیان تیزی سے شیئر کیا جا رہا ہے۔

تاہم، حقیقت یہ ہے کہ ٹیسلا اور ایلون مسک کی دیگر کمپنیوں جیسے "اسٹار لنک"، "نیورالنک" اور "اسپیس ایکس" نے کبھی بھی موبائل فون بنانے کا ارادہ ظاہر نہیں کیا۔ ایلون مسک نے خود 2020 میں اس سوال کا جواب دیا تھا کہ وہ اسمارٹ فون بنانے کے بارے میں سوچ بھی نہیں رہے۔ ان کا کہنا تھا، "اسمارٹ فونز اور اسمارٹ واچز ماضی کے پراڈکٹس ہیں، نیورالنک مستقبل ہے۔"

جون 2024 میں بھی ایلون مسک نے ایک لائیو اسٹریم کے دوران کہا تھا کہ "ہم ٹیسلا فون بنانے کا ارادہ نہیں رکھتے"۔ ان کے اس بیان سے یہ واضح ہو گیا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی یہ افواہیں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔

اس کے باوجود، اس وائرل پوسٹ نے سوشل میڈیا پر کافی توجہ حاصل کی ہے، اور صارفین اس بارے میں مزید تجسس کا شکار ہیں۔