متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، نائب وزیرِاعظم شیخ منصور بن زاید آل نہیان نے افتتاح کیا، ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد نے نمائش کا دورہ کیا
عالمی نمائش وکانفرنس میں 2200 سے زائد نمائش کنندگان شریک ، 54 عالمی اور قومی تیل کمپنیاں، پاکستان سمیت 30 ممالک کے پویلین اور خصوصی زون شامل
دبئی(خصوصی رپورٹ)متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، نائب وزیرِاعظم اور صدارتی دربار کے چیئرمین شیخ منصور بن زاید آل نہیان نے ابوظہبی انٹرنیشنل پٹرولیم ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پرابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید آل نہیان بھی موجود تھے۔شیخ منصور بن زاید آل نہیان نے توانائی کے شعبے میں ٹیکنالوجی کی جدت کی حمایت کے عزم کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای عالمی سطح پر صاف توانائی کی جانب منتقلی کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔ ولی عہد شیخ خالد بن محمد نے نمائش میں موجود پویلینز کا دورہ کیا۔انہوں نے نمائش کی اہمیت اور نئی ٹیکنالوجیز پر بات چیت کی۔ایڈیپیک 2024 میں 2200 سے زائد نمائش کنندگان شریک ہیں، جن میں 54 عالمی اور قومی تیل کمپنیاں، پاکستان سمیت 30 ممالک کے پویلین اور خصوصی زون شامل ہیں۔ توانائی سے متعلق دنیا کے اس سب سے بڑے ایونٹ کا مقصد آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور صاف توانائی پر فوکس کرنا ہے۔