مودی نے سفید جھنڈا لگا کر شکست کا اعتراف کر لیا لیکن ہم چھوڑیں گے نہیں، بھارت کو پاکستان آنے کی جرات نہیں ہوئی، اس نے باہر سے مساجد اور سویلین پر حملے کیے
رافیل طیارے ریت کے ٹیلے ثابت ہوئے، بھارت میں آج صف ماتم بچھ گیا ، مودی پر تھو تھو ہو رہی ہے ، پوری قوم کی جانب سے شاہینوں کو مبارک باد دیتا ہوں،حنیف عباسی
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے سندور کا تندور بنا دیا ہے، دشمن نے دراندازی ہمیشہ رات کی تاریکی میں کی،مودی نے سفید جھنڈا لگا کر شکست کا اعتراف کر لیا لیکن ہم چھوڑیں گے نہیں۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ بھارت کو پاکستان آنے کی جرات نہیں ہوئی اس نے پاکستانی حدود کے باہر سے مساجد اور سویلین پر حملے کیے، اس نے جو کچھ کیا یہ عالمی دہشتگردی کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے 6 طیاروں کو مار گرایا، رافیل طیارے ریت کے ٹیلے ثابت ہوئے، بھارت میں آج صف ماتم بچھ گیا ان کی قوم مودی پر تھو تھو کر رہی ہے، شاہینوں نے دنیا کو دکھا دیا ہماری ایئر فورس دنیا کی بہترین ایئر فورس ہے، پوری قوم کی جانب سے شاہینوں کو مبارک باد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک جوان شہید ہوا تو ہم گھس کر 100 ماریں گے، ایل او سی کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارت کو اڑا کر رکھ دیا، مودی نے سفید جھنڈا لگا کر شکست کا اعتراف کر لیا لیکن ہم چھوڑیں گے نہیں، ہم نے ابھی کچھ کیا ہی نہیں صرف ٹریلر دکھایا ہے۔حنیف عباسی نے مزید کہا کہ بھارت نے غلطی کی ہم نے اپنا دفاع کیا ہے، بھارت پانی بند کرے گا تو وہاں وہاں ماریں گے کہ یاد کرو گے۔