کیوی کرکٹرز کاسب سے بڑی اوپننگ شراکت داری کا ریکارڈ

مائونٹ مائونگانوئی (سپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اوپنر ڈیون کانوے اور ٹام لیتھم نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ ماؤنٹ ماؤنگانوئی کے بے اوول گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے۔ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اوپنرز ڈیون کانوے اور ٹام لیتھم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر دی۔پہلے دن کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے ایک وکٹ پر 334 رنز اسکور کیے۔ڈیون کانوے نے ناقابلِ شکست 178 رنز بنائے جبکہ ان کے اوپننگ پارٹنر اور کپتان ٹام لیتھم نے 137 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ اس اننگز کے دوران کانوے اور لیتھم نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تاریخ کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت داری کا ریکارڈ بنا دیا۔ڈیون کانوے اور ٹام لیتھم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی وکٹ پر 323 رنز جوڑے جو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تاریخ کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت داری ہے۔ اس شاندار کارنامے کے ساتھ انہوں نے بھارتی اوپنرز روہت شرما اور ماینک اگروال کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 2019 میں جنوبی افریقا کے خلاف پہلی وکٹ کے لیے 317 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔