پنجاب لائف انشورنس کمپنی کی مالی معاونت مکمل، آپریشن کا آغاز کردیا گیا

پنجاب لائف انشورنس کمپنی کی مالی معاونت مکمل، آپریشن کا آغاز کردیا گیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز   کی زیرِ صدارت پنجاب جنرل انشورنس کمپنی کے قیام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب میں سرکاری سطح پر انشورنس نظام کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے متعدد فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پنجاب لائف انشورنس کمپنی کے لیے 17 پیشہ ور ماہرین کی بھرتی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ کو پنجاب لائف انشورنس کمپنی اور پنجاب جنرل انشورنس کمپنی کے انتظامی و مالی امور پر تفصیلی آگاہی بھی دی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب جنرل انشورنس کمپنی کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی اور ہدایت کی کہ یہ کمپنی محکمہ خزانہ کے زیر نگرانی تمام سرکاری اداروں کی نان لائف انشورنس کی ذمہ دار ہوگی۔ انہوں نے حکام کو ایک جامع ہیلتھ انشورنس پالیسی کا مکمل پلان بھی پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کمپنی کے لیے چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکریٹری فنانس اور ر پنجاب بینک کے صدر پر مشتمل بورڈ قائم کیا جائے گا، جبکہ پنجاب جنرل انشورنس کمپنی کے قیام کی سمری صوبائی کابینہ کو ارسال کر دی گئی ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کمپنی کے لیے ضروری انفراسٹرکچر اور وسائل کی بروقت فراہمی یقینی بنانے اور انشورنس پلان میں نجی شعبے کو بھی شامل کرنے کی ہدایت دی۔مریم نواز  نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اصلاحات میں پہلے بھی آگے تھا، آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔