سعودی عرب کا خطے میں فوجی کشیدگی پر تشویش کا اظہار، پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کی حمایت

سعودی عرب کا خطے میں فوجی کشیدگی پر تشویش کا اظہار، پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کی حمایت

سعودی عرب نے خطے میں جاری حالیہ فوجی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور تمام فریقین سے تحمل اور کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی ہے۔

جدہ میں ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں علاقائی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ تنازعات کو بڑھانے کے بجائے ان کے پرامن اور سیاسی حل کی طرف بڑھا جائے۔سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق مملکت نے واضح کیا ہے کہ وہ کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔ اجلاس میں پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کردار کی بھی حمایت کا اعادہ کیا گیا، اور کہا گیا کہ ایسے اقدامات خطے کو مزید عدم استحکام سے بچانے کے لیے ضروری ہیں۔

مزید برآں اجلاس میں آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ آمد و رفت کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا، تاکہ عالمی توانائی اور تجارتی راستوں کا تحفظ برقرار رکھا جا سکے۔اجلاس میں سعودی وزارتِ انصاف اور پاکستانی وزارتِ قانون کے درمیان تعاون کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت کی منظوری بھی دی گئی، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔