بلوچستان کے رکھنی میں زلزلہ، شدت 5 ریکارڈ کی گئی

بلوچستان کے رکھنی میں زلزلہ، شدت 5 ریکارڈ کی گئی

بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رکھنی اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.0 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز رکھنی سے تقریباً 12 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا۔ رپورٹ کے مطابق زلزلے کی گہرائی تقریباً 30 کلومیٹر زیرِ زمین تھی، جس کے باعث جھٹکے نسبتاً وسیع علاقے میں محسوس کیے گئے۔زلزلے کے بعد علاقے میں لوگ کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہوئے، جبکہ کئی مقامات پر خوف کے باعث عارضی طور پر معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر امدادی ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق بلوچستان کے یہ علاقے زلزلہ خیز زون میں آتے ہیں، جہاں زیرِ زمین پلیٹوں کی حرکت کے باعث اس نوعیت کے درمیانے درجے کے جھٹکے وقتاً فوقتاً محسوس کیے جاتے ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔