کوہلو، بارکھان اور رکھنی میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.2 ریکارڈ

کوہلو، بارکھان اور رکھنی میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.2 ریکارڈ

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقوں کوہلو، بارکھان اور رکھنی میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی، تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔واضح رہے کہ ان ہی علاقوں میں گزشتہ روز بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کے باعث مقامی آبادی میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ماہرین کے مطابق کسی بھی بڑے زلزلے کے بعد آفٹر شاکس (بعد از زلزلہ جھٹکے) آنا ایک عام ارضیاتی عمل ہے، تاہم یہ ضروری نہیں کہ ہر زلزلہ کسی دوسرے بڑے زلزلے کا پیش خیمہ ہو۔ سائنس دانوں کے درمیان اس حوالے سے اب بھی مختلف آراء موجود ہیں۔

ماہرینِ ارضیات کا کہنا ہے کہ زلزلے زمین کی تہہ میں ہونے والی حرکات کے نتیجے میں آتے ہیں، جن کا براہ راست مشاہدہ ممکن نہیں ہوتا۔ جدید سائنسی آلات اور جمع کیے گئے ڈیٹا کی مدد سے ماہرین زلزلوں کی نوعیت اور مستقبل میں ممکنہ سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہیں، تاہم موجودہ سائنسی معلومات کی بنیاد پر زلزلوں کی درست وقت اور مقام کے ساتھ پیش گوئی ممکن نہیں۔