قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ ایوان کی کارروائی کے دوران حکومتی بنچوں پر وزراء کی 22 نشستیں خالی تھیں، جو حکومت کی سنجیدگی پر سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’وزیراعظم سمیت اہم وزراء کی غیر حاضری سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت ایوان کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔‘‘عمر ایوب نے کہا کہ ایوان میں اپوزیشن جماعتیں، خصوصاً پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی قیادت موجود ہے لیکن مسلم لیگ (ن) کے ارکان مسلسل غیر حاضر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’حکومت کا طرز عمل اس بات کا اشارہ دے رہا ہے جیسے وہ ایوان سے راہِ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) اپنی ناکامیوں سے نظریں چرا رہی ہے۔‘‘قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ اس طرح کی عدم دلچسپی سے نہ صرف پارلیمانی روایات مجروح ہو رہی ہیں بلکہ عوامی نمائندگی کے اصول بھی پامال ہو رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ایوان میں اپنی موجودگی یقینی بنائے تاکہ عوامی مسائل پر سنجیدہ اور بامعنی گفتگو کی جا سکے۔