شہریوں کی شکایات پر اب تک 100 سے زائد مقدمات کا اندراج کیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سنٹرل پولیس آفس میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد جاری ہے جس کے تسلسل میں اے آئی جی کمپلینٹس شہریوں کی شکایات سن کر ازالہ کر رہے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ روزانہ درجنوں کی تعداد میں شہری اپنی شکایات درج کروا رہے ہیں۔ رواں سال اب تک 2266 سائلین کی شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ شہریوں کی شکایات پر اب تک 100 سے زائد مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے اندراج کے علاوہ ناقص تفتیش اور تبدیلی تفتیش و دیگر شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف اور پولیس سروسز سے متعلق شکایات کو حل کیا گیا۔ محکمانہ، حاضر سروس، شہداء اور ریٹائرڈ آفیسرز کی شکایات کا بھی ازالہ کیا جارہا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ شکایات کے اندراج کے بعد متعلقہ فیلڈ آفیسر، ایس ڈی پی او سے لیکر آر پی او تک بھیجی جاتی ہیں۔ آفیسر 24 گھنٹے میں درخواست دہندہ سے رابطہ کر کے آئی جی پی کمپلینٹ سیل کو رپورٹ بیک کرنے کا پابند ہے۔ شہری روزانہ صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلی کچہری میں پیش ہو کر اپنی شکایات کا اندراج کروا سکتے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق مقررہ ٹائم لائن کے اندر درخواست دہندہ کی داد رسی یقینی بنائی جائے۔ ضلعی افسران سائلین کی داد رسی کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد یقینی بنائیں اور فری رجسٹریشن آف ایف آئی آر پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔