عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلم "لو گرو" نے مولا جٹ کو پیچھے چھوڑ دیا، باکس آفس پر ریکارڈ بزنس

عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلم

پاکستانی سینما انڈسٹری میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز ہونے والی رومانوی کامیڈی فلم "لو گرو" نے باکس آفس پر دھوم مچا دی ہے۔

ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی اس فلم نے مقبول ترین فلم "دی لیجنڈ آف مولا جٹ" کو بھی کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق "لو گرو" نے پاکستان بھر سے 12 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے، جبکہ دنیا بھر سے مجموعی طور پر 28 کروڑ روپے کما چکی ہے۔ اس طرح یہ فلم کامیاب پاکستانی فلموں کی صف میں شامل ہو گئی ہے اور "مولا جٹ" کے 11 کروڑ کے پاکستانی باکس آفس بزنس کو پیچھے چھوڑ چکی ہے۔فلم "لو گرو" کی ہدایت کاری ندیم بیگ نے کی ہے جبکہ اس کی کہانی وصی چوہدری نے تحریر کی ہے۔ فلم کو ہمایوں سعید نے پروڈیوس کیا ہے اور وہی اس میں مرکزی کردار بھی ادا کر رہے ہیں۔ ماہرہ خان فلم کی ہیروئن ہیں جنہوں نے صوفیہ نامی ایک آرکیٹیکٹ کا کردار نبھایا ہے۔

فلم کی کہانی ایک خود ساختہ ’لو گرو‘ کے گرد گھومتی ہے جو لندن میں ایک پروفیشنل آرکیٹیکٹ صوفیہ کے ساتھ اتفاقیہ طور پر جُڑ جاتا ہے۔ دونوں کے درمیان غیر متوقع طور پر ایک رومانوی داستان کا آغاز ہوتا ہے جو ناظرین کو ہنسی، جذبات اور رومانس کا خوبصورت امتزاج فراہم کرتی ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ فلم پر 28 کروڑ روپے کی خطیر لاگت آئی، اور اسے لندن سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں عکس بند کیا گیا۔ فلم کی کامیابی کو شائقین کی جانب سے زبردست پذیرائی اور مثبت تبصرے بھی حاصل ہو رہے ہیں، جس سے یہ ثابت ہوا ہے کہ اچھی کہانی اور معیاری پروڈکشن آج بھی سینما بینوں کو سینما گھروں تک کھینچ سکتی ہے۔