لاہور کے علاقے گلبرگ میں پولیس نے انسانی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے پانچ ماہ کی بچی کو فروخت کرنے والے میاں بیوی سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران بچی کو اپنی تحویل میں لے کر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا۔تفصیلات کے مطابق گلبرگ پولیس کو اطلاع ملی کہ کچھ افراد ایک نومولود بچی کو غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گل زیب، نرمل اور روی نامی تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم روی نے مذکورہ بچی کو اس کے والدین سے 3 لاکھ روپے میں خریدا، بعد ازاں گل زیب اور نرمل کے ساتھ مل کر اسے 6 لاکھ روپے میں آگے فروخت کرنے کی کوشش کی گئی۔ تاہم، پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث یہ مکروہ سودا ناکام بنا دیا گیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو موبائل فونز اور زیر استعمال گاڑی بھی برآمد کرلی ہے، جبکہ مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کو فروخت کرنے والے اصل والدین کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کیونکہ بچی کو پہلی بار فروخت کرنے میں وہ براہِ راست ملوث ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس جرم کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ افراد کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔