لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی (پی آئی سی) میں 11 ماہ کے بچے کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق شبیر نامی شہری اپنی اہلیہ کے ہمراہ طبی معائنے کے لیے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی آیا تھا۔ اسی دوران ملزمہ طیبہ اپنی چھوٹی بہن جنت کے ساتھ مبینہ طور پر بچے کی نقل و حرکت پر نظر رکھتی رہی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمہ نے کسی بہانے سے 11 ماہ کے بچے کو اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی، تاہم اہل خانہ اور متعلقہ عملے کی بروقت توجہ کے باعث مبینہ اغوا کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور ملزمہ کو موقع پر ہی قابو کر لیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی شادمان پولیس اسپتال پہنچی اور ملزمہ کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں، ممکنہ محرکات اور اس میں دیگر افراد کے کردار کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔ایس ایچ او شادمان کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے، جبکہ اسپتال میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ واقعے کی مکمل حقیقت معلوم کی جا سکے۔