پاکستان ایک ذمے دار ریاست ہے، جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا
بھارت حب الوطنی کو بھی جرم سمجھنے لگا ہے،وزیر اعظم کا یوٹیوب چینل بلاک کرناآزادی اظہار پر حملہ ہے
لاہور(سپیشل رپورٹر )رکن پنجاب اسمبلی و چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے بھارت نے پانی روکنے کیلئے کوئی سٹرکچر بنایا، تو تباہ کر دیا جائے گا۔ حنا پرویز بٹ نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ قومی سیمینار بعنوان پاک بھارت مسائل، پاک فوج کا کردار کشمیر، دہشت گردی، پانی اور دیگر مسائل کا حل کیا؟ اور یو این او کا کردار میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں حنا پرویز بٹ نے بھارت کی آبی جارحیت، فالس فلیگ آپریشنز، مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور میڈیا سینسرشپ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمے دار ریاست ہے، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کے لیے کوئی سٹرکچر بنایا، تو اسے تباہ کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم کے یوٹیوب چینل کو بلاک کیے جانے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت حب الوطنی کو بھی جرم سمجھنے لگا ہے۔ یہ آزادی اظہار پر حملہ ہے۔