مودی مسلمان دشمن ہے، اسلام اور مسلمان کے مقابلے میں جہاں کوئی محاذ ملے گا مودی وہاں کھڑا ہو جائے گا:مولانا فضل الرحمن کی ملاقات میں گفتگو
بھارت کے معاملے پر پوری قوم یکجا ہے، لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کو قتل کرنے والی بھارتی سرکار کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں:حافظ نعیم‘وزیرداخلہ سے ملاقات
لاہور(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے بھارت آگ سے کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے، پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا پوری قوت سے جواب دے گا۔وفاقی وزیر داخلہ نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے اہم ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک بھارت کشیدگی اور فلسطین مسئلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔محسن نقوی نے بھارت کے غیر منطقی اور یکطرفہ اقدامات پر پاکستان کے اصولی موقف اور فیصلوں پر مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لیا، وفاقی وزیر داخلہ نے سربراہ جے یو آئی کو نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے فیصلوں کے بارے بھی آگاہ کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیاوفاقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت آگ سے کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے، پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا پوری قوت سے جواب دے گا۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی مسلمان دشمن ہے، اسلام اور مسلمان کے مقابلے میں جہاں کوئی محاذ ملے گا مودی وہاں کھڑا ہو جائے گا۔دریں اثناء محسن نقوی نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی، پاک بھارت کشیدگی اور سرحدوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے نیشنل سیکورٹی کونسل کے فیصلوں کے بارے میں بریفنگ دی، پاکستان کے اصولی موقف اور فیصلوں سے آگاہ کیا۔امیر جماعت اسلامی نے بھارت کے غیر منطقی اقدامات کے تناظر میں پاکستان کے اصولی موقف کی تائید کی اور بھر پور حمایت کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے معاملے پر پوری قوم یکجا ہے، لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کو قتل کرنے والی بھارتی سرکار کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔