مقابلے میں ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار،2ساتھی فرار

پرانی سبزی منڈی کے قریب مشکوک افراد نے روکنے پر فائرنگ کردی 
لاہور(کرائم رپورٹر) لیاقت آباد میں پرانی سبزی منڈی کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کے مطابق لیاقت آباد پولیس نے پرانی سبزی منڈی کے قریب تین مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے گرفتاری کے خوف سے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی فائرنگ کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا، جبکہ دیگر دو ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔گرفتار ملزم کی شناخت غلام محمد کے نام سے ہوئی ہے جو چوری، ڈکیتی اور دیگر سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ بتایا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے چوری شدہ کار، موبائل فون، نقدی رقم اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی چھری برآمد کر لی گئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم غلام محمد نے چند روز قبل مختلف وارداتوں کے دوران تین افراد کو چھری کے وار سے زخمی بھی کیا تھا۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی کے مطابق عوام کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔