متعدد مقدمات میں مطلوب ملزم رمضان ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ گیا
میاں چنوں (خصوصی رپورٹ) میاں چنوں سرکل سی سی ڈی اور ڈاکوئوں کے درمیان موسیٰ ورک کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت تھانہ سرائے سدھو کی حدود پکوڑی پل کے رہائشی رمضان عرف رمی کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوا، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رمضان عرف رمی متعدد مقدمات میں مطلوب تھا اور اس کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی تھی۔ فرار ہونے والے دونوں ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ سی سی ڈی سرکل میاں چنوں کے مطابق واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے اور جلد فرار ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔