لاہور میں پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران خاتون منشیات ڈیلر کو گرفتار کر لیا ہے، جس سے ایک اہم منشیات کی ترسیل ناکام بنائی گئی۔
اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی کی قیادت میں چوکی انچارج سپر ٹاؤن اور پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر اس کارروائی کو عملی شکل دی۔ دوران چیکنگ، پولیس نے بین الضلاعی ریکارڈ یافتہ خاتون منشیات ڈیلر طاہرہ بی بی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جب وہ بھاری مقدار میں منشیات کی ڈلیوری دینے آ رہی تھی۔ایس پی کینٹ اویس شفیق کے مطابق، گرفتار ملزمہ سے 12 کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی، جس کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔ ملزمہ نے پشاور سے آن لائن طریقے سے منشیات منگوا کر مختلف اضلاع میں سپلائی دینے کا اعتراف کیا ہے۔
ایس پی اویس شفیق نے بتایا کہ اس حوالے سے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمہ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے چوکی انچارج سپر ٹاؤن محمد آصف اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔ایس پی کینٹ نے مزید کہا کہ لاہور پولیس منشیات کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف اس جنگ میں پولیس کا ساتھ دیں تاکہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑا جا سکے۔