میکسیکو سٹی(یواین پی)میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے مقامی اور امریکا میں مقیم اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ کے ملک کی برآمدات پر 25 فیصد محصولات کے خلاف متحد ہو جائیں۔ چینی میڈیا کے مطابق انہوں نے گذشتہ روز نیشنل پیلس سے جاری بیان میں کہا کہ میں میکسیکو کے تمام باشندوں سے ایک ساتھ کھڑے ہونے کا مطالبہ کرتی ہوں۔یہ وقت ہے کہ ہم اپنی خودمختاری کا دفاع کریں۔ انہوں نے اس اقدام کو یکطرفہ اور موجودہ تجارتی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ میکسیکو ٹیرف اور نان ٹیرف اقدامات کے ساتھ جواب دے گا، جس کی تفصیل اتوار کو وسطی میکسیکو سٹی کے زوکالو اسکوائر میں ہونے والی عوامی اسمبلی میں دی جائے گی۔