الیکٹرک سکوٹی بنانے والے چینی صنعت کاروں کی شرجیل میمن سے ملاقات

کراچی(آئی این پی)الیکٹرک سکوٹی بنانے والے چینی صنعت کاروں کے وفد نے سینئر وزیر شرجیل میمن سے ملاقات کی اور سندھ کے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران سندھ میں الیکٹرک وہیکلز متعارف کروانے اور ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔چینی وفد نے حکومت سندھ کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات کے فروغ کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں اور اپنی کمپنی کی جدید ٹیکنالوجی اور ٹرانسپورٹ سسٹمز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیرشرجیل انعام میمن نے چینی صنعت کاروں کو حکومت سندھ کی جانب سے سرمایہ کاری کے لیے سازگار پالیسیاں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے وفد کو سندھ میں الیکٹرک وہیکلز کا مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرنے میں مکمل تعاون کی پیشکش بھی کی۔