سندھ میں خواتین کیلئے مفت الیکٹرک سکوٹی سکیم

کراچی (آئی این پی )سندھ حکومت نے خواتین کے لیے مفت الیکٹرک اسکوٹی اسکیم کیلئے اہلیت کے معیار اور درخواست دینے کے عمل کا اعلان کردیا۔ اس اقدام کا مقصد صوبے میں خواتین کو درپیش مشکلات میں کمی لانا اور انہیں بااختیار بنانا ہے۔اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست گزار کا سندھ کا مستقل شہری اور اسٹوڈنٹ یا ملازمت پیشہ خاتون ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔درخواست گزار کے پاس مصدقہ ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا ضروری ہے جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے اسکوٹی ملنے پر 7 سال تک اسے فروخت نہ کرنے کی پابند ہوگی۔ قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے خواتین کو سڑک کی حفاظت کے لیے مہارت کا امتحان دینا ہوگا۔ای وی اسکوٹیز کی تقسیم قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائے گی۔ قرعہ اندازی کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں ایکسائز، ٹرانسپورٹ، فنانس ڈیپارٹمنٹس اور میڈیا کے نمائندے شامل ہوں گے ۔درخواست دینے کے لئے آفیشل ویب سائٹ پر جائیں اور درخواست فارم پر کلک کریں۔ مطلوبہ دستاویزات منسلک کریں، اور جمع کرائیں۔