پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اہم کمیٹیوں میں اپنی موجودگی مضبوط کر لی ہے۔
پاکستان نے قرارداد 1988 کے تحت طالبان سے متعلق پابندیوں کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کی صدارت سنبھال لی ہے، جبکہ قرارداد 1373 کے تحت اقوام متحدہ کی انسداد دہشتگردی کمیٹی میں پاکستان کو نائب چیئر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان سلامتی کونسل کی غیر رسمی ورکنگ گروپس کی کو چیئرشپ بھی انجام دے گا۔دفتر خارجہ کے مطابق یہ تقرریاں عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کوششوں پر اعتماد اور پاکستانی قوم کی عظیم قربانیوں کا اعتراف ہیں۔ پاکستان اس کامیابی کو اپنی قوم کے نام کرتا ہے اور اسے عالمی سطح پر اپنی ذمہ داریوں کی پہچان سمجھتا ہے۔پاکستان عالمی امن کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوششوں میں مصروف ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر مکمل کاربند ہے۔
پاکستان عالمی امن، استحکام اور دہشتگردی کے خلاف مشترکہ جنگ میں اپنی مثبت شراکت جاری رکھے گا۔دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کی ان کمیٹیوں میں اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دے گا اور دستاویزات اور پابندیوں سے متعلق امور میں رہنمائی فراہم کرے گا تاکہ عالمی برادری میں امن و سلامتی کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔یہ تقرریاں پاکستان کی خارجہ پالیسی اور علاقائی و عالمی سلامتی میں اس کے کردار کی عکاسی کرتی ہیں اور اسے بین الاقوامی فورمز پر مضبوط نمائندگی فراہم کرتی ہیں۔