بھارتی تجزیہ کار سوشانت سنگھ نے آپریشن سندور پر اٹھائے سوالات، مودی حکومت کی کشیدگی میں ناکامی پر تنقید کی

بھارتی تجزیہ کار سوشانت سنگھ نے آپریشن سندور پر اٹھائے سوالات، مودی حکومت کی کشیدگی میں ناکامی پر تنقید کی

نئی دہلی : بھارت کے معروف تجزیہ کار اور ییل یونیورسٹی کے سابق پروفیسر سوشانت سنگھ نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی فوج کے آپریشن سندور سے متعلق اہم سوالات اٹھائے ہیں۔

 انہوں نے مودی سرکار کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ناکام پالیسیوں نے بھارت کی بین الاقوامی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔سوشانت سنگھ نے معروف بھارتی صحافی کرن تھاپر کے ساتھ انٹرویو میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) انیل چوہان کے حالیہ بیانات پر بھی تنقید کی، جن میں انہوں نے بھارتی فضائیہ کے طیاروں کے نقصانات کا اعتراف کیا تھا۔ انیل چوہان نے کہا تھا کہ اصل اعداد و شمار کی اہمیت نہیں، جس پر سوشانت نے کہا کہ یہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے اور حقائق کو چھپانا شفافیت کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فضائیہ نے رات کے وقت بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوئے بغیر بھارتی طیارے مار گرائے، جو کہ ایک بڑی فوجی کامیابی ہے، لیکن اس کے برخلاف بھارت میں اس حقیقت کو چھپانے کی کوشش کی گئی اور جھوٹا پروپیگنڈہ کیا گیا۔

مودی حکومت کی مسلسل خاموشی اور اس معاملے پر اطلاعاتی جنگ میں ناکامی پر سوشانت سنگھ نے تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اپنا موقف پیش کیا، جبکہ بھارتی حکومت بے بس اور خاموش رہی۔سوشانت سنگھ نے مزید کہا کہ مودی سرکار کی جنگجو پالیسی درحقیقت اس کی ناقص حکمت عملی اور کمزوری کو ظاہر کرتی ہے، جس کی وجہ سے بھارت سیاسی اور عسکری دونوں محاذوں پر نقصان اٹھا رہا ہے۔یہ تجزیہ بھارت میں حکومت کی کارکردگی اور شفافیت کے حوالے سے جاری بحث میں ایک نیا زاویہ پیش کرتا ہے اور اس بات کی طرف توجہ دلاتا ہے کہ عوام کو حقائق سے آگاہ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔