بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اس وقت اپوزیشن جماعت کانگریس کی شدید تنقید کا سامنا ہے جب انہوں نے دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ فائنل میں بھارت کی کامیابی کو فوجی کارروائی "آپریشن سندور" کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی۔
کانگریس نے مودی کے اس بیان کو کھیل کو سیاست اور جنگی پروپیگنڈے میں بدلنے کی مذموم کوشش قرار دیا۔کانگریس رہنما اتل پٹیل نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا:"کیا مودی کو خارجہ پالیسی اور سفارت کاری کی کوئی سمجھ ہے؟ کھیل کو کھیل ہی رہنے دینا چاہیے تھا۔ مگر افسوس ہے کہ انہوں نے ایشیا کپ کی کامیابی کو جنگی بیانیے میں بدل دیا۔"اسی طرح مہاراشٹر میں کانگریس کے صدر ہرش وردھن سکپال نے الزام لگایا کہ مودی سیاست کو زندگی کے ہر شعبے میں گھسا دیتے ہیں۔ان کے بقول:"چاہے ہوا ہو، پانی ہو یا کھیل—مودی ہر جگہ سیاست اور تقسیم لے آتے ہیں۔ کھیلوں کو بھی نفرت کے ایجنڈے کے لیے استعمال کرنا ملک کے وقار کے منافی ہے۔"
واضح رہے کہ دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سنسنی خیز فائنل میں بھارت نے پاکستان کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ تاہم اس کامیابی کے باوجود بھارتی ٹیم کا رویہ متنازع رہا۔میچ کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا، جس پر محسن نقوی نے بھی دباؤ قبول نہ کیا اور بھارتی ٹیم کو بغیر ٹرافی گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا۔