حج کا اہم دن: آج حجاج جمرہ عقبہ پر کنکریاں ماریں گے، قربانی اور حلق کی ادائیگی ہو گی

حج کا اہم دن: آج حجاج جمرہ عقبہ پر کنکریاں ماریں گے، قربانی اور حلق کی ادائیگی ہو گی

ویب ڈیسک: آج حج کا اہم دن ہے، جہاں لاکھوں حجاج کرام منیٰ میں موجود ہیں اور حج کے بنیادی مناسک میں سے ایک جمرۂ عقبہ (بڑے شیطان) کو کنکریاں مارنے کا عمل انجام دے رہے ہیں۔

 اس کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کی جا رہی ہے، سر منڈوا کر یا بال کٹوا کر احرام کھولا جا رہا ہے، جس کے ساتھ ہی حج کا ایک بنیادی اور اہم مرحلہ مکمل ہو رہا ہے۔

وقوف عرفہ اور خصوصی دعائیں
گزشتہ روز عرفات کے میدان میں رکنِ اعظم 'وقوف عرفہ' ادا کیا گیا، جہاں دنیا بھر سے آئے مسلمانوں نے رب کے حضور گریہ و زاری کی۔
مسجدِ نمرہ میں خطبۂ حج کے دوران مسجد الحرام کے امام، شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید نے امتِ مسلمہ کو اتحاد، تقویٰ، والدین سے حسن سلوک، وعدوں کی پاسداری اور نرم مزاجی کی تلقین کی۔

فلسطینی عوام کے لیے خصوصی دعائیں
خطبہ حج میں فلسطینی بھائیوں کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے امام نے کہا:"اے اللہ! فلسطین میں ہمارے بھائیوں کو دشمنوں پر غالب فرما، انہیں اپنی پناہ میں لے اور امن عطا فرما۔"
عرب ممالک میں عیدالاضحی کی ادائیگی
آج سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں عیدالاضحی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔مسجد الحرام (مکہ مکرمہ) اور مسجد نبوی (مدینہ منورہ) میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے شرکت کی۔

منیٰ میں سخت سیکیورٹی اور سہولتیں
منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں سعودی حکومت کی جانب سے سکیورٹی، رہائش، صحت اور خوراک کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔میدانِ عرفات اور منیٰ میں ہزاروں رضاکار، میڈیکل ٹیمیں اور سیکیورٹی اہلکار حاجیوں کی سہولت کے لیے موجود رہے۔