مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں ایامِ حج کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سعودی رائل سیکیورٹی فورسز نے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ — منیٰ، مزدلفہ اور میدانِ عرفات — کی فضائی نگرانی کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا ہے۔سعودی حکام کے مطابق، سیکیورٹی فورسز کے متعدد ہیلی کاپٹر ان مقامات پر گشت کر رہے ہیں تاکہ حجاج کرام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور مشاعر مقدسہ میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی یا مشکوک نقل و حرکت پر فوری قابو پایا جا سکے۔ہیلی کاپٹروں کی مدد سے نہ صرف ہجوم پر نظر رکھی جا رہی ہے بلکہ ان افراد کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے جو غیر قانونی طور پر مشاعر مقدسہ میں داخل ہونے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
سعودی وزارت داخلہ اور رائل فورسز کے مطابق، یہ فضائی نگرانی حج کے ایام کے دوران چوبیس گھنٹے جاری رہے گی، جس کا مقصد کسی بھی ممکنہ خطرے سے قبل از وقت آگاہی حاصل کر کے فوری کارروائی عمل میں لانا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ "ایام حج کے دوران لاکھوں حجاج کی موجودگی میں امن و امان اور سلامتی کو برقرار رکھنا ریاست کی اولین ترجیح ہے، اور جدید ٹیکنالوجی اور فضائی نگرانی کے ذریعے اس مقصد کے حصول کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔"واضح رہے کہ سعودی حکومت ہر سال حج کے دوران سخت سیکیورٹی اقدامات کرتی ہے، جن میں زمینی، فضائی اور ٹیکنیکل نگرانی شامل ہوتی ہے تاکہ حجاج کرام بلا خوف و خطر اپنی عبادات ادا کر سکیں۔