سندھ طاس معاہدہ پاکستان کی بقا کی ضمانت، ہر قیمت پر تحفظ کریں گے: عطا تارڑ

سندھ طاس معاہدہ پاکستان کی بقا کی ضمانت، ہر قیمت پر تحفظ کریں گے: عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کا پانی پر حق ناقابلِ تنسیخ ہے اور یہ ملک کی بقا کی شہ رگ ہے، جس کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل رکھنے کی کوشش نہ صرف قانونی حیثیت سے محروم ہے بلکہ اس کا کوئی اخلاقی جواز بھی نہیں بنتا۔عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت کے اس طرزِ عمل سے اسے عالمی سطح پر شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔ ان کے مطابق بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی خطے میں اعتماد کو متاثر کرتی ہے اور عالمی قوانین کی پاسداری کے اصولوں سے بھی متصادم ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بھارت کا یہ اقدام اقوام متحدہ کے توثیق شدہ "One Water, One Vision" اصول کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے، جو آبی وسائل کے منصفانہ، پائیدار اور ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب سفارتی، قانونی اور بین الاقوامی فورمز پر مؤثر انداز میں اپنا مؤقف پیش کرتا رہے گا۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات اور آبی وسائل کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، کیونکہ پانی ملک کی زرعی، معاشی اور سماجی ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔